
حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلوسوں کے داخلے پر مستقل طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث ملک میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا اور سیاسی جلسوں کی آڑ میں پرتشدد کارروائیوں کو روکنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ کو مارچ کا راستہ روکنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں اور فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں جلسے کیلئے انتظامیہ اور سیاسی جماعتوں کو تحریری معاہدوں کے بعد اجازت نامی جاری کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں جلوسوں کے داخلے پر مستقل طور پر پابندی عائد کردی جائے تاکہ دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئندہ کسی فسادی مارچ یا جلوس کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی،کسی بھی سیاسی جماعت کو ملک کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7ranasanalongmarchisb.jpg