ڈونلڈ ٹرمپ کا سوشل میڈیا نیٹ ورک لانچ ہونے سے قبل ہی ہیک؟

truth-sical1.jpg


سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا سوشل میڈیا نیٹ ورک لانچ ہونے سے چند گھنتے قبل ہی ہیک ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے ’ٹروتھ سوشل‘ کو ہیک کرکے اس پر ’سوئر‘ کی تصویر شیئر کرنے کے بعد ڈونلڈ جے ٹرمپ بھی لکھا۔ نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ نا معلوم ہیکرز کی جانب سے یہ اقدام نفرت کے خلاف آن لائن جنگ کا حصہ ہے۔

ہیکرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا نیٹ ورک کی ویب سائٹس کے متعدد اکاؤنٹس کو بھی ہیک کیا، جس میں سابق نائب صدر مائیک پینس بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا خود کا سوشل میڈیا نیٹ ورک متعارف کروانے جارہے ہیں، انہوں نے یہ اعلان مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے تناظر میں کیا ہے۔

عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کی کے مطابق ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی ایک خصوصی کمپنی ایس پی اے سی کے ساتھ ضم ہونے کے بعد ٹروتھ سوشل کی ایک نئی کمپنی متعارف کروائی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایک تحریری بیان بھی جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ "یہ کیسی دنیا ہے جس میں طالبان کی ایک بڑی تعداد سوشل میڈیا پر موجود ہے مگر آپ کا پسندیدہ امریکی صدر خاموش کروادیا گیا ہے،یہ ناقابل قبول اقدام ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت جلد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل میڈیا پر اپنا پہلا سچ بولنے کیلئے انتہائی پرجوش ہوں، اس پروجیکٹ کی بنیاد ایک مشن کے طور پر رکھی تاکہ سب اپنی آواز اٹھا سکیں۔

 
Advertisement
Sponsored Link