پاکستان میں کرونا تباہی مچانے لگے، مزید20 افرادجاں بحق

Kashif Rafiq

Prime Minister (20k+ posts)

کورونا کا خطرہ مزید بڑھنے لگا،مزید 20 افراد جاں بحق، 1502 نئے کیسز رپورٹ

ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر مزید شدت پکڑنے لگی، حکومت، انتظامیہ شہری سب ہی ایس او پیز کا کہتے رہے لیکن عملدرآمد کرتا کوئی نظر نہ آیا،ہاتھ دھونا چھوڑ دیا زندگی سے ہاتھ دھونا منظور ہے،عوام نے ایک نہ سنی، مارکیٹس، گلی محلے، عوامی مقامات ہرجگہ بے احتیاطی اورغیر ذمہ داری دکھائی دی، یہی وجہ ہے کہ ملک میں کورونا نے مزید پنجے گاڑھ لئے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مزید ایک ہزار پانچ سو دوکیس رپورٹ ہوئے،بیس افراد جاں بحق ہوئے،جولائی کے بعد کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے،آج مزید بیس افراد جان سے گئے،اموات چھ ہزار نو سو تینتالیس ہوگئیں، کورونا کیسز میں سندھ سرفہرست ہے، جبکہ کراچی بھی کورونا کا پھر سے گڑھ بنتا جارہا ہے۔

سندھ حکومت نے کورونا خدشات روکنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا، ایس او پی کے حوالے سے محکمہ داخلہ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق مجمع لگانے، سماجی میل جول سے گریز کریں، نجی وسرکاری اور صنعتی اداروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ذمہ دار مالکان اور مینجرز ہوں گے،گاڑی میں دو سے زائد افراد کے سفر پرپابندی ہوگی، کھانسی، بخار، نزلے جسم میں درد میں مبتلا افراد کسی بھی عوامی مقام پرآنے سے گریزکریں۔

اے ٹی ایم کے استعمال کی صورت سینیٹائزر کا استعمال کریں،تھرمل گن کی موجودگی یقینی بنایا جائے، پچپن سال سے زائد عمرکےافراد کو دفاتر میں بلانے پرپابندی عائد ہوگی۔۔ صرف ضروری اسٹاف کو دفاتر میں بلایاجائے، آن لائن کام کو ترجیح دی جائے کسی بھی علاقے پرکورونا کیسز بڑھنے کی صورت فوری بندش کا اطلاق ہوگا۔

ایک دن میں اموات کے حوالے سے پنجاب سرفہرست ہے،ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد سولا ہزار نو سو بارہ ہے، اسپتالوں میں ایک ہزار ستاون مریض زیرعلاج ہیں، ایک سو انتیس وینٹی لیٹر پر ہیں،پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 41 ہزار 753 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں ایک لاکھ 6 ہزار 208، سندھ میں ایک لاکھ 48 ہزار 922، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار 285، بلوچستان میں 16 ہزار 41، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 343، اسلام آباد میں 21 ہزار 302 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 652 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔