فائیو اسٹار ہوٹل نے قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو نکال باہر کیا

wajah11.jpg


فائیو اسٹار ہوٹل نے پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو اچانک کمرے خالی کرنے کا کہہ دیا

کرکٹ سے متعلق خبریں دینے والے ایک پلیٹ فارم کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں ناردرن اور خیبر پختونخوا کو اس وقت پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ ا جب مقامی فائیو اسٹار ہوٹل نے کھلاڑیوں سمیت تمام پلیئرز کو کمرے خالی کرنے کا کہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائد اعظم ٹرافی میں شریک ٹیموں کیلئے کراچی کے علاقے کلب روڈ پر واقع ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی، تاہم تصدیق شدہ بکنگ صرف 22 دسمبر تک کی تھی، 25 دسمبر سے ہونیوالے فائنل کیلئے دو ٹیموں کی مزید بکنگ کو بروقت کنفرم نہیں کیا گیا تھا۔


کرکٹ بورڈ کو ہوٹل انتظامیہ نے کہا تھا کہ ایک بڑے گروپ کی آمد کی وجہ سے 22 کے بعد کی بکنگ کنفرمیشن صرف پچھلی بکنگ کی منسوخی کی صورت میں ہوگی۔ اس کے بعد ہوٹل انتظامیہ اور پی سی بی میں رابطہ نہ ہوا جس کے باعث 22 دسمبر کی شب اچانک پلیئرز کو ہوٹل خالی کرنے کو کہہ دیا گیا۔

ہوٹل انتظامیہ کے مزید رابطے نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی کے متعلقہ محکمے نے از خود سوچ لیا کہ دونوں ٹیموں کی بکنگ ہوگئی ہوگی۔ جب کہ رابطے کے فقدان کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آخری لمحات میں ہوٹل بدلنا پڑا۔

فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم کھلاڑی کو رات گئے شاہراہ فیصل پر واقع تھری اسٹار ہوٹل میں لیجانا پڑا۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دیگر اسٹینڈرڈ ہوٹلز میں درکار تعداد میں کمرے نہ ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو بہترین ممکن جگہ شفٹ کیا گیا ہے۔