بلدیاتی امیدواروں کی مدد،وزیراعظم کاعوامی رابطہ مہم میں خود شرکت کافیصلہ

2khan.jpg

اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو کمزور کرنے کی مہم کا توڑ کرنے اور تحریک انصاف کے ورکرز اور ممکنہ بلدیاتی امیدواروں کی مدد کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے ”عوامی رابطہ مہم“ شروع کر کے خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس سلسلے میں آئندہ چند ہفتوں میں وزیراعظم پنجاب میں دو جبکہ دیگر صوبوں میں ایک ایک بڑے جلسوں سے خطاب کر کے تحریک انصاف کا پاور شو کریں گے۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے عمران خان نے اپنے وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی وصوبائی وزرا کے تمام تر تحفظات اور مشوروں کو ”ویٹو“ کرتے ہوئے الیکشن تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

لاہور کے لارڈ میئر کیلئے موجودہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو ”گرین سگنل“ مل گیا ہے ۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز سمیت وفاقی و صوبائی وزرا نے وزیر اعظم کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ اس وقت مہنگائی کی صورتحال کے سبب عوامی رائے حکومت کے حق میں نہیں ہے لہذا الیکشن موخر کردیا جائے۔


تاہم وزیر اعظم نے حکم دیا کہ ہر صورت الیکشن ہوگا ۔ اس حوالے سے موزوں بلدیاتی امیدواروں کی تلاش کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ لاہور کے لارڈ میئر کیلئے حماد اظہر کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے کیونکہ ان کے والد میاں اظہر سابق گورنر اور سابق لارڈ میئر لاہور رہے ہیں، آرائیں برادری سمیت دیگر برادریاں ان کا ساتھ دیں گی۔

سیالکوٹ ضلع کونسل کے چیئرمین کیلئے سلیم بریار جبکہ سیالکوٹ سٹی کے لئے عمر ڈار مضبوط امیدوار ہیں۔ چوہدری برادران کے مطالبے پر گجرات کو میٹرو پولٹین کارپوریشن کا درجہ دیا گیا ہے اور گجرات، منڈی بہاوالدین اور بہاولپور میں بلدیاتی امیدواروں کا انتخاب ق لیگ کی مشاورت کے ساتھ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اس آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں تین حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں ممکنہ طور پر وہ ڈی جی خان میں اپنے موجودہ حلقہ کے علاوہ اٹک اور چیچہ وطنی کے دو حلقوں سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور بھی آئندہ انتخابات میں خود شور کوٹ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں جبکہ اپنی اہلیہ کو ساہیوال کے حلقہ سے الیکشن لڑوانا چاہتے ہیں۔ حکومت آئندہ چھ ماہ میں مہنگائی پر قابو پانے سمیت تحریک انصاف کو سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور طریقہ سے فعال کرنا چاہتی ہے۔
 
Advertisement
Last edited by a moderator:
Sponsored Link