پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انہوں نے اپنی سنچری صرف 56 گیندوں پر مکمل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے ویوین رچرڈز کا 28 سالہ ریکارڈ برابر کر دیا جو انھوں نے 1986 میں انگلینڈ کے خلاف انٹیگا میں قائم کیا تھا۔
مصباح الحق سے قبل کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری ماجد خان نے 74گیندوں پر 77-1976ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں بنائی تھی۔
مصباح الحق نے 57 گیندں کا مجموعی طور پر سامنے کیا اور 11 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
مصباح الحق نے اسی اننگز میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی21 گیندوں پر بناکر توڑ دیا جو جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس نے 24گیندوں پر قائم کیا تھا۔
کیلس نے 2004 میں زمبابوے کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
مصباح الحق نے اپنی نصف سنچری صرف 24 منٹ میں مکمل کی ۔اس طرح انھوں نے 27 منٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا جو بنگلہ دیش کے اشرفل نے2007 میں بھارت کے خلاف میرپور میں بنایا تھا۔
مصباح الحق سے قبل پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ شاہد آفریدی کا تھا جنھوں نے 2004 میں بنگلور میں 26گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تھی۔