
ملک بھر کے شہری بجلی کے بلوں سے پریشان ہیں جس کی وجہ سے آج کل خودمختار پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو حکومت کی طرف سے کی جانے والی ادائیگیاں (کیپسٹی پیمنٹس) موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔
شہریوں کی طرف سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ان خودمختار پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے مالکان کون ہیں؟ اور حکومت نے ان کو کتنے فیصد بجلی پیدا کرنے پر کتنی ادائیگیاں کیں؟ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں سینئر صحافی حامد میر اس حوالے سے اہم تفصیلات عوام کے سامنے لے آئے ہیں۔
کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 52 فیصد خودمختار پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے مالکان سرکاری ہیں اور باقی کے 48 فیصد کو کتنی کیپسٹی کی مد میں ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ پاکستان میں بجلی تیار کرنے والے خودمختار پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کی کل تعداد 100 ہے جن میں سے 51 کی ملکیت مختلف گروپس وکمپنیوں کے پاس ہے۔
حامد میر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ان میں 7 آئی پی پیز ملک کی معروف سیاسی شخصیات کی ملکیت میں ہیں جبکہ 18 ناروے، سنگاپور اور چین ودیگر بین الاقوامی کمپنیوں کی ملکیت ہیں۔ ملک کے معروف بزنس مین میاں منشا کے زیرملکیت 4 آئی پی پیز ہیں جنہیں کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں حکومت نے 4 ارب روپے کی ادائیگی کی۔
رپورٹ کے مطابق آئی پی پی کمپنی روش پاکستان پاور لمیٹڈمعروف صنعتکار اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کی زیرملکیت ہے جسے نے پچھلے سال 4 فیصد بجلی پیدا کی اور اسے کیپسٹی چارجز کی مد میں حکومت نے 6 ارب 88 کروڑ روپے کی ادائیگی کی۔
ندیم بابر کی آئی پی پی اورینٹ پاور پراجیکٹ کے محمود گروپ کے ساتھ شراکت داری ہے جس نے 32 فیصد بجلی پیدا کی اور حکومت کی طرف سے اسے کیپسٹی چارجز کی مد میں 5 ارب 80 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی۔ بجلی بنانے والے 2 کارخانے سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین کی ملکیت ہیں، کیپسٹی چارجز کی مد میں جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز یونٹ 2 کو پچھلے سے 1 ارب 9 کروڑ ادا کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے جے ڈی ڈبلیو یونٹ 3 کو کیپسٹی چارجز کی مد میں پچھلے سال 77 کروڑ روپے ادا کیے، چنیوٹ پاور لمیٹڈ آئی پی پی وزیراعظم شہبازشریف کے بیٹے سلمان شہباز کی ملکیت ہے۔ چنیوٹ پاور لمیٹڈ نے پچھلے سال کے دوران 33 فیصد بجلی پیدا کی جب کہ کیپسٹی چارجز کی مد میں اسے 1 ارب 55 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/8hamidmirrippsklskdjkdj.png