
9 مئی (یوم سیاہ) پر کور کمانڈر ہائوس لاہور ودیگر عسکری مقامات پر حملوں میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی کارکنوں کے خلاف آپریشن اب تک جاری ہے اور تحریک انصاف کے بہت سے کارکن اب تک جیل میں قید ہیں اور مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
معروف قانون دان وسماجی کارکن خدیجہ صدیق نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد گرفتار ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی حمایتی حافط قرآن خاتون کی اپیل ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کردی۔
https://twitter.com/x/status/1728707713616547920
سمیعہ اسد نامی خاتون نے لکھا کہ: میرا کوئی سیاسی کیریئر نہیں ہے لیکن میں چھوٹے چھوٹے فلاحی کام کرتی رہتی تھی۔ عمران خان کو سپورٹ کرنے 9 مئی کے پرامن احتجاج کا جو نتیجہ میں نے بھگتا ہے وہ میں ضرور بتانا چاہتی ہوں۔ یہ کہنا غلط نہیں کہ 9 مئی ان کے لیے ایک سیاہ دن تھا جن کی بعد میں زندگی جہنم بنا دی گئی۔
سمیعہ اسد نے لکھا کہ ایجنسی نے 15 مئی کو پہلی دفعہ ہمارے گھر کال کی جس کے بعد ہم سب گھر والے چھپ گئے کہ شاید ایک دو ہفتے میں معاملات بہتر ہو جائیں لیکن پولیس باربار ریڈ کرتی رہی۔ ہمارے مکان کے مالک نے ہمیں سختی سے گھر آنے سے منع کر دیا کہ اپنے معاملات ٹھیک کریں پھر ہی گھر میں داخل ہو سکتے ہیں۔ مالک مکان نے سامان دور کی بات میرے بیٹے کی کتابیں تک پکڑنے کی اجازت نہیں دی۔
میری بیٹی کے رشتے کی بات چل رہی تھی جسے ان لوگوں کی بدتمیزی کے دوران رشتے سے انکار ہو گیا، اس کے آفس میں ریڈ ہوئی اور اسے نوکری سے نکال دیا گیا۔ میرے شوہر ایک کمپنی کے ساتھ کام کرتے تھے ادھر بھی ریڈ کی گئی اور سامان تک اٹھا لیا ان کا کام بھی ختم ہو گیا۔ دوسری بیٹی کے آفس انکوائری کی، میری دوست اس اس کے سسترال تک ریڈ کی گئی جس کے بعد میں تھک گئی اور میں نے گرفتاری دینا مناسب سمجھا۔ ماڈل ٹائون تھانے یہ سوچ کر گئی کہ کتنی دیر بٹھا لیں گے، انصاف بھی کوئی چیز ہے لیکن 140 دن گزرنے کے باوجود یہی سوچ رہی ہوں کہ آخر میرا قصور کیا تھا؟
سمیعہ نے لکھا کہ اگر جناح ہائوس کو بنیاد بنا کر سزا دی جا رہی ہے تو جناح بھی ہمارا تھا اور ہائوس بھی ہمارا، ہمیں پہلے پتہ ہونا چاہیے تھا کہ یہ جناح کا ہائوس بھی ہے اور میوزیم کی صورت سارے پاکستان کو دیکھنے کی اجازت بھی ہے۔ یاد رہے کہ میں جناح ہائوس کے باہر بیٹھی تھی تو کیا اس کے باہر بیٹھنا بھی جرم تھا؟ اور اگر وہ جناح ہائوس نہیں کور کمانڈر ہائوس تھا تو سکیورٹی کہاں تھی؟
سمیعہ نے لکھا سکیورٹی اتنی تنخواہ لے کر بھی ایک ہائوس کی حفاظت نہیں کر سکی تو ہم کو اگر خدانخواستہ کسی دشمن ملک سے لڑنا پڑ جائے تو کیا کریں گے؟ سارا پاکستان فوج سے پیار کرتا ہے کوئی کیوں اس پر حملے کرے گا؟ ایک اور چیز کہ ہمارا گھر بن رہا تھا وہ بھی رک گیا اور وہ دہشت گردی جو ہم نے سڑک پر کھڑے ہو کر کی اس کی سزا میں اور میرا خاندان آج تک بھگت رہا ہے۔
ہمارا کاروبار ختم ہو گیا، بیٹی کا رشتہ ہو گیا، نوکری چلی گئی اور میں جیل میں آگئی مطلب ایک مڈل کلاس فیملی کے طور پر جو جو ہمارے پاس تھا وہ سب ختم ہو چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہماری اس آزمائش کو ختم کر دے اور ہمارے گناہوں کو معاف کرے اور ہم پر رحم کرے۔
انہوں نے لکھا کہ اداروں سے، ججوں سے درخواست ہے کہ ہمیں معاف کیا جائے کیونکہ خدا معاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے اور ہم تو اس غلطی کی بار بار معافی مانگ رہے ہیں جو ہم نے کی بھی نہیں۔ جیوفینسنگ میں میری موجودگی آگئی تو کیا یہ نہیں آیا کہ وہاں سے فوری ایک عورت کو لے کر ایمبولینس میں بیٹھ کر سروسز ہسپتال گئے تھے؟ خیر اس دوران جو جو پولیس نے کیا وہ پتا نہیں ، کہیں ایک اور کیس نہ بن جائے!
خدیجہ صدیق نے ٹوئٹر پیغام میں خاتون کی اپیل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ: میری موکلہ سمیعہ اسد نے 9 مئی کے بعد رونما ہونے والے واقعات کا دل دہلا دینے والا بیان قلمبند کرویا ہے! “میراکوئی بھی سیاسی کیرئیر نہیں” حافظ اے قرآن کی جیل سے اپیل! شوہر کا کاروبار، بیٹی کا رشتہ ختم ، نوکری چلی گئی، مالک مکان نے گھر سے نکال دیا، گھر کی تعمیر رک گئی ۔ سمیعہ بچوں کو online Quran classes دیتی تھی وہ بھی ختم اور پچھلے پانچ مہینے سے جیل میں ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/17samnausad.png