
اپنی مختصر وڈیو کے ذریعے راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی پاوری گرل دنا نیر مبین نے ماڈلنگ کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے بنائے جانے والے ڈرامہ سیریل ’صنف آہن‘ میں انٹری دے دی۔
ہدایت کار ندیم بیگ کے جلد ریلیز ہونے والے ڈرامے صنف آہن کے تمام مرکزی کرداروں کے ٹیزر گزشتہ دنوں جاری کیے گئے تھے اب ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مختصر دورانیے کے ٹریلر میں ’صنف آہن‘ کی تمام مرکزی اداکاراؤں یعنی سجل علی، یمنیٰ زیدی، رمشا خان، سائرہ یوسف اور کبریٰ خان سمیت سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کے کرداروں کی فوج میں شمولیت کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’صنف آہن‘ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ اور سکس سگما پلس کے اشتراک سے خواتین کے حقوق کے موضوع پر بنایا جارہا ہے۔ صنف آہن‘ کے ٹریلر میں دنانیر مبین کو فوجی یونیفارم میں تربیت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں تصدیق کی گئی کہ دنانیر مبین ڈرامے میں ’سیدہ سدرہ‘ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

واضح رہے کہ رواں برس 6 فروری کو دنانیر مبین راتوں رات اس وقت سوشل میڈیا اسٹار بنی تھیں جب کہ ان کی مختصر ویڈیو ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں ہماری ’پاوری‘ ہو رہی ہے‘ کہنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11dnaahan.jpg