
سینئر صحافی اور تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ یہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل ہے جس کی وزیراعظم عمران خان صاحب تعریف کرتے تھے لیکن اب جب ان کے دور حکومت میں کرپشن کا بھانڈا پھوٹا ہے تو وہ اس میں سو کیڑے نکال رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے کرپشن سے متعلق سال 2021ء کی رپورٹ جاری کردی گئی جس میں بتایا گیا کہ حکومتی دعووں کے برعکس گزشتہ سال کے دوران پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام 'خبر ہے' میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی جاری کردہ رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی بہت تعریف کرتے تھے، تب تو یہ ادارہ بہت اچھا تھا لیکن اب اس میں سو کیڑے نکالے جارہے ہیں، یہ ایک کڑوا سچ ہے کہ کرپشن بڑھی ہے کوئی اس بات کو تسلیم کرے یا نہ کرے، حقیقت بدل نہیں سکتی۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عارف حمیدبھٹی کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے کے علاوہ رپورٹ می٘ں چھوٹے لیول کی کرپشن کا بھی انکشاف ہوا ہے، ٹرانسفر و پوسٹنگ کے پیسے، ترقی و تبادلوں کے پیسے اور کمیشن، ایسا نہیں کہ کرپشن صرف اسی دور حکومت میں ہوئی، ماضی میں بھی ہوتی رہی ہے لیکن اس حکومت میں ہمیشہ جی ڈی پی موضوع بحث رہی ہے، اب کرپشن میں 16 پوائنٹ بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس میں عام لوگوں کے ساتھ کرپشن کا بتایا گیا ہے، ڈومیسائل بنوانے گئے تو کرپشن، ایکسائز کے دفتر میں کرپشن، ماضی میں بھی کرپشن ہوتی تھی، اس وقت کے حکمران بھی ملوث تھے لیکن اب آزادی سےہو رہی ہے۔
اس سے قبل کسی حد تک کرپشن کے خلاف کوئی نہ کوئی ایکشن لیا جاتا تھا اگر کسی افسر کو شکایت کی جاتی تھی کہ آپ کا فلاں افسر یا ماتحت کرپٹ ہے تو اس پر افسر کا مثبت ردعمل سامنے آتاتھا لیکن اب اگر کوئی کسی کو شکایت کرے کے فلاں شخص نے کینسر کے مریض سے 5 لاکھ رقم رشوت لی ہے تو وہ کہتا ہے کہ یہ تو معمول ہے آپ چھوڑیں۔
سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے گزشتہ روز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت صاحب سب سے زیرک سیاست دان ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب کے مشیر کس کی گیم کھیل رہے ہیں، 90 فیصد مشیر واقعی عمران خان صاحب کے ساتھ نہیں ہیں، شہزاد اکبر صاحب کل مستعفی ہوئےہیں جبکہ ایک اور وزیر نے فرمائش کی ہے کہ موجودہ وزارت کے ساتھ ایک اور پرکشش وزارت نہ ملی تو وہ بھی مستعفی ہوجائیں گے۔
https://twitter.com/x/status/1485989024166731782
پروگرام اینکر سعید قاضی نے سوال کیا کہ چودھری شجاعت کے علاوہ حکومت کے اتحادی پرویزالہی صاحب بھی کہہ رہے ہیں کہ اپنے مشیروں کے غلط مشوروں پر عمل نہ کریں ، اس سے اپوزیشن کا فائدہ ہوگا اور اشتعال میں آکر فیصلے نہ لیں جس سے نقصان اٹھانا پڑے اس کے پیچھے اصل پیغام کیا ہے، جس کے جواب میں عارف حمیدبھٹی صاحب نے کہا کہ چودھری شجاعت صاحب اور پرویز الہی زیرک سیاست دان ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا ہے کہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے بچ کر رہیں۔
یہ وہی لوگ ہیں جو ان کی باتیں ٹیپ کر کے اپوزیشن کے ساتھ مل کر ان کے خلاف استعمال کرتے ہیں، چونکہ حالات بہتر نہیں رہے تو چودھری شجاعت اور پرویز الہی نے اشارے کے طور پر انہیں خبردار کیا ہے آنے والے وقت کے لئے کہ ان کے اردگرد موجود لوگ انہیں اپنے اینگل کے مطابق غلط گائیڈ کر رہے ہیں، عمران خان صاحب کے لئے حالات کشیدہ ہوگئے ہیں، جس پر نپے تلے الفاظ میں اتحادیوں کی جانب سے اپنے مشیروں سے خبردار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13bhattitransperanci.jpg