
مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما کامل علی آغا نے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف یا عمران خان کے نہیں ریاست کے اتحادی ہیں۔
جی این این کے پروگرام " خبرہے " میں میزبان عارف حمید بھٹی نے کامل علی آغا سے سوال کیا کہ ق لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ رہے گی اور عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی؟
کامل علی آغا نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت اعتبار کے لحاظ سے سب سے معتبر جماعت ہےجس پرریاست اعتماد کرتی ہے، ہم ریاست کے ایسے ساتھی ہیں جو ہر اچھے برے وقت میں ریاست کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
رہنما ق لیگ نے کہا کہ زرداری صاحب کے ساتھ ہمیشہ سے ہمارا رابطہ رہا ہے اور انشااللہ ہمیشہ یہ رابطہ رہے گا، ہم کھلے دروازے کی سیاست کرنے اور سب سے روابط قائم رکھنے کی سیاست کرنے والی جماعت ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ زرداری صاحب ایک ایجنڈے کے تحت ملاقات کیلئے آئے تھے، مگر اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ہمارے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ روابط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ریاست عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ہم بھی ان کے ساتھ ہیں، ہمارا وطیرہ یہی ہے کہ ہم جس کے ساتھ معاہدہ کرتے ہیں اس کو نبھاتے ہیں، ہم سازشی سیاست اور ٹامک ٹوئیوں کی سیاست پر اپنی اعتبار کی ساکھ کو بچانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
کامل علی آغا نے کہا کہ مجھے نظر نہیں آرہا ہے اپوزیشن اگر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائے گی تو وہ کامیاب ہوجائے، ہماری جماعت کی مدد کے بغیر اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو بھی نہیں سکتی، اس لیے عدم اعتماد کے ذریعے تو یہاں سیاسی تبدیلی ناممکن ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11kamilagha.jpg