
بھارت میں غربت کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، گلوبل ہنگر انڈیکس (جی ایچ آئی) نے رپورٹ جاری کر دی، عالمی رپورٹ میں بھارت کا درجہ نیپال، بنگلا دیش اور پاکستان سے بھی نیچے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں بھوک کی صورتحال کے بارے میں گلوبل ہنگر انڈیکس (جی ایچ آئی) نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق 116 ممالک کی فہرست میں بھارت گذشتہ سال کے مقابلے میں 94ویں نمبر سے نیچے گر کر 101 پر آگیا ہے۔
بھوک کے لحاظ سے بھارت کی پوزیشن مزید خراب ہو گئی، آئرلینڈ کی امدادی ایجنسی کنسرن ورلڈ وائیڈ اور جرمن تنظیم ویلٹ ہنگر ہلفے کی مشترکہ طور پر تیار کی گئی رپورٹ میں بھارت میں بھوک کی سطح کو خطرناک قرار دیا ہے۔
جی ایچ آئی کے مطابق اس برس چین، برازیل اور کویت سمیت 18 ممالک نمبر پانچ سے بھی کم سکور کے ساتھ ٹاپ رینکنگ میں شامل ہیں۔ اس برس پاکستان 92ویں، بنگلہ دیش 76، سری لنکا 65 اور نیپال کی پوزیشن 76 ہے اور اس فہرست میں افغانستان 103 نمبر ہے۔
دوسری جانب بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی کا دعوی ہے کہ مودی حکومت ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر لے کر گامزن ہے لیکن ملک میں بے روز گاری اپنی ریکارڈ سطح پر ہے اور ہر جانب مہنگائی کا بول بالا ہے۔
اپوزیشن کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما کپل سبل نے ایک ٹویٹ میں عالمی انڈکس کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ مبارک ہو مودی جی! آپ نے غربت اور بھوک کا خاتمہ کر دیا، بھارت کو عالمی طاقت بنا دیا ہے، ملک کی معیشت کو ڈیجٹل کر دیا اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کر دکھایا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1448854832584933380