
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، وضاحت کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران کا حل فوری، صاف اور شفاف انتخابات ہیں کیونکہ 2018 کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے، ہم نے ایم کیو ایم سے بھی یہ بات کی ہے پاکستان کے مسائل کو کوئی ایک لیڈر، ایک ادارہ یا ایک جماعت تنہا حل نہیں کر سکتی۔
پاکستان کو درپیش سیاسی، سفارتی اور معاشی چیلنجز کا حل یہی ہے کہ ہر محب وطن آئین اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ملکی سلامتی اور ملکی مفادات کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے جامع سیاست کرے۔
واضح رہے کہ آج پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی باقاعدہ تردید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے ڈیل کی باتیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
انھوں نے کہا اگر کوئی ڈیل کی بات کرتا ہے تو اس سے ثبوت مانگیں، یہ سب افواہیں ہیں، جتنی کم بات کی جائے بہتر ہوگا، ہر شام ٹی وی پر بات کی جاتی ہے اسٹیبلشمنٹ نے یہ کر دیا، وہ کر دیا، اسٹیبلشمنٹ کو اس بحث سے باہر رکھیں، فوج حکومت کا ماتحت ادارہ ہے، اور اس کے احکامات کا پابند ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9ahsaniqbal.jpg