ہراسانی کیس: میشاشفیع کے پیش نہ ہونے پر علی ظفر نے عدالت سے کیا اپیل کی؟

aal121.jpg



سوشل میڈیا مہم کے کیس میں مشہور گلوکار علی ظفر نے عدالت سے استدعا کی کہ میشا شفیع نے تو عدالت میں پیش نہیں ہونا، عدالت فیصلہ کرکے میری زندگی آسان کرے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں گلوکار علی ظفر کی جانب سے علی گل پیر کے جھوٹے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، جس میں علی ظفر بذات خود پیش ہوئے۔

دوران سماعت علی ظفر کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی گل پیر نے جھوٹا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں، عدالت علی گل پیر کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کرنے کا حکم دے۔

سماعت کے دوران علی ظفر نے نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ میشا شفیع نے عدالت میں پیش نہیں ہونا، آپ کیس کا فیصلہ کرکے میری زندگی آسان بنادیں، فیصلہ ہونے اور انصاف ملنے سے ہی سکون ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان تین سال سے عدالت میں پیش نہیں ہورہے، آپ نے مجھے طلب کیا میں فورا پیش ہوگیا حالانکہ میں نے راولپنڈی ایک کنسرٹ میں جانا تھا۔

واضح رہے کہ علی گل پیر کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر درخواست پر سماعت کیلئے عدالت نے علی ظفر کو طلب کیا تھا جس کے بعد علی ظفر ایک گھنٹے میں ہی عدالت پہنچ گئے تھے۔
 

Back
Top