
ماڈل و سوشل میڈیا سٹار قندیل بلوچ کے قتل کے الزام میں گرفتار مرکزی ملزم وسیم کو بری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں قندیل بلوچ کے بھائی وسیم جسے عدالت نے قندیل بلوچ کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی تھی کی اپیل پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت قندیل بلوچ کی والدہ کی جانب سے عدالت میں راضی نامہ جمع کروایا گیا جس کے بعد عدالت نے مرکزی ملزم وسیم کو باعزت بری کردیا ہے۔
یادرہے کہ اس سے قبل قندیل بلوچ کے والد کی جانب سے اپنی بیٹی کے قتل میں ملوث دونوں بیٹوں کو معاف کرتے ہوئے عدالت میں معافی نامہ جمع کروایا تھا مگر عدالت نے اس معافی نامہ کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ غیرت کے نام پر قتل کیس کا فیصلہ گواہوں اور شواہد کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عدالت نے ملزم وسیم کو قندیل بلوچ کے قتل کا الزام ثابت ہونے کے بعد عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ کیس کے دیگر ملزمان جن میں مفتی عبدالقوی بھی شامل تھے انہیں باعزت بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
ماڈل و سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کو ان کے گھر میں سگے بھائی نے غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا، پولیس نے قتل کےبعد فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7qandeelbalochbari.jpg