
سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے اپنے شیرخوار بیٹے ذوالقرنین کو خود نہلایا اور اس طرح دفتری امور سے وقت نکال کر بچے کو نہلانے کی وجہ بھی بتا دی۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہوتے ہوئے بھی انہیں اپنی گھریلو ذمہ داریوں کا احساس ہے۔
کامران ٹیسوری نے بچے کو نہلاتے ہوئے بنی ویڈیو میں کہا کہ ہمیں بطور مرد اور خاوند مثال قائم کرنی چاہیے کیونکہ ہم نے کیا کرنا ہے آنے والی نسل ہمیں ہی دیکھ کر یہ سب سیکھتی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گورنر سندھ سوٹ، ٹائی پہن کر مگ میں پانی بھرکے نومولود ذوالقرنین کو نہلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان سب لوگوں کو بتا رہا ہوں جو پورا دن کام کرتے ہیں لیکن والدین کو اپنے بچوں کا اسی طرح خیال رکھنا چاہیے۔
https://twitter.com/x/status/1607343385295323136
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کوٹ اور ٹائی پہن کر نومولود ذوالقرنین کو نہلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی ساتھ ہی والدین کے لیے پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ بطور باپ اور شوہر ہمیں اپنے بچوں بالخصوص لڑکوں کے سامنے ایسا رویہ اپنانے کی ضرورت ہے جس سے پتہ چلے کہ مرد بھی گھر میں برابر ذمہ دار ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس سے بچیوں اور خواتین کو بھی موقع ملے گا کہ وہ باہر نکلیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔