گوجرانوالہ:باپ نےجوئے میں 21 سالہ بیٹی ہار کراسکا نکاح 55 سالہ شخص سے کردیا

marr.jpg


گوجرانولہ میں جوئے کی لت میں ایک شخص نے اپنی 21 سالہ بیٹی کی زندگی کا سودا کرڈالا، جوا ہار نے پر 55 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کروادیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ گوجرانولہ کے علاقے تھانہ گھگڑ کی حدود میں ایک بدبخت شخص جوئے میں اپنی 21 سالہ بیٹی ہار گیا، جیتنے والے 55سالہ شخص نے لڑکی سے زبردستی نکاح کیا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق تھانہ گھگڑ میں درج کیے گئے مقدمے کے مطابق بدبخت باپ طارق نے کرکٹ میچ پر 10 لاکھ روپے کی شرط لگارکھی تھی جو ہارنے کے بعد رقم نہ ہونے پر اپنی21 سالہ بیٹی کا نکاح 55 سالہ جواریے سے کردیا۔

لڑکی کی ماں کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں موقف اپنایا شادی کی پہلی رات ہی جواریےنے میری بیٹی پر انکشاف کیا کہ میں نے شادی نہیں کی بلکہ تمہیں تمہارے باپ سے جوئے میں جیتا ہے۔

لڑکی کی ماں نے موقف اپنایا کہ میرے داماد نے شادی کی پہلی رات ہی میری بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا اس کے چہرے پر زخموں کے نشانات بھی واضح تھے، میری بیٹی نے اپنے گھر واپس آکر سسرال جانے سے انکار کردیا تو ملزمان نے گھر آکر اسے پھر سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

مقدمے میں لڑکی کے باپ سمیت جواریے کو بھی ملزم نامز د کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
 

Back
Top