
پڑوسی ملک بھارت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی) کی ترجمان نوپورشرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے، ردعمل کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کی ترجمان کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی) کی ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آریا ہے، عرب ممالک میں ترجمان بی جے پی کے بیان کے خلاف شدید احتجاج بھی شروع ہوگیا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی رہنما نوپورشرما نے معافی مانگ لی اور کہا کہ کسی کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا ان کا کبھی بھی ارادہ نہیں تھا۔ گر میرے الفاظ سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں تو میں اپنے الفاظ واپس لیتی ہوں۔ میرا مقصد کبھی کسی کو تکلیف دینا نہیں تھا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس نازیبا حرکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، یہ بیان بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحان کا فوری نوٹس لے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گستاخانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اندر فاسشٹ مودی کی حکومت میں مذہبی آزادی پامال کی جارہی ہے، مسلمانوں پر بھارت میں شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی حکومت کی انتہا پسندی کا فوری طور پر نوٹس لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مسلمان کیلئے نبی ﷺ کی محبت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے ، تمام مسلمان اس محبت اور عقیدت میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں نوپور شرماکے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت آمیز اور گستاخانہ حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں،مودی حکومت مسلمانوں کو اشتعال دلانے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز رویوں کو ابھارنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہمارے نبیﷺ کی شان میں گستاخی برداشت کرنا کس بھی مسلمان کیلئے سب سے تکلیف دہ فعل ہے۔
انہوں نے مزید کہا او آئی سی مودی حکومت کی اس انتہا پسند سوچ کے خلاف ایکشن لے کیونکہ یہ افسوسناک ہے کہ مودی حکومت ابھی بھی اسلاموفوبیا پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس بیان کی مذمت کی اور کہا کہ اس بیان سے پوری مسلم امہ کو تکلیف پہنچی ہے، عالمی ادارے بھارت میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی سوچ کو ختم کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔
پاکستانی دفتر خارجہ سمیت عرب ممالک اور دیگر دنیا نے بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان نوپور شرما کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی سفارتی عملے کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ہے، عمان کے مفتی اعظم نے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے جبکہ سعودی عرب، مصر ،قطر، کویت، بحرین میں بھارت کے بائیکاٹ کی مہم نے زور پکڑ لیا ہے۔
بھارتی حکومت نے عرب ممالک سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد بھارتی جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کی رکنیت معطل کردی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/susop1n1n21.jpg