گزشتہ ہفتے کے دوران 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

5shehhbazmehngai.jpg

گزشتہ ہفتے کے دوران 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں انڈے، آٹا، دال ماش، مونگ اور چاول شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مہنگئی کی ہفتہ وار مجموعی شرح 40.58 فیصد جبکہ ہفتہ وار شرح میں 0.19 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں انڈے، آٹا، دال ماش، مونگ اور چاول شامل ہے۔


وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 25 روپے 41 پیسے، باسمتی ٹوٹا چاول 1 روپے 61 پیسے فی کلو، دال ماش 6 روپے 34 پیسے فی کلو جبکہ گائے کا گوشت 2 روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔مونگ کی دال کی قیمت میں 8 روپے 31 پیسے ، فی درجن انڈے 7 روپے، چھوٹے گوشت کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 98 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دریں اثنا 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام، 10 میں کمی، ٹماٹر اور پیاز کی فی کلو قیمت 16 روپے کم ہوئی اور لیکوی فائیڈ پٹرولیم گیس کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 80 روپے کمی ہوئی جبکہ پام آئل کی قیمت بین الاقوامی سطح پر 1800 ڈالر فی ٹن سے کم ہوکر آدھی ہو چکی ہے لیکن عوام کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا، کھلا خوردنی تیل آج بھی پاکستان میں 400 روپے فی لیٹر جبکہ برانڈڈ تیل 530 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جو عوام پر ظلم ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 33.03 فیصد جبکہ 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے تک ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 38.29 فیصد اضافہ ہوا تھا۔