گزشتہ ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ اور ڈالرکی کیا صورتحال رہی؟

pskx112jj11.jpg


گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار رہی ہے اور 100 انڈیکس میں 1600 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 16 سو 91 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 43 ہزار 984 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس مندی کی سب سے بڑی وجہ یوکرائن روس تنازعہ ہے، جس دن روس نے یوکرائن پر حملہ کیا اس دن ایشیائی مارکیٹس دھڑام سے گرگئیں جن میں پاکستانی اور بھارتی سٹاک مارکیٹس بھی شامل تھی۔

گزشتہ کاروباری ہفتے21 سے 25 فروری 2022 کے دوران انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 45 ہزار 743 پوائنٹس اور کم ترین سطح 42 ہزار 792 پوائنٹس رہی۔

ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 1 ارب 14 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا ے جبکہ شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 33 ارب 53 کروڑ روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 258 ارب کم ہو کر 7537 ارب روپے ہوگئی۔

23 فروری کو پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 350 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی جبکہ سب سے بڑی کمی 24 فروری کو دیکھنے میں آئی جب ایک ہی روز میں 1300 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی کم ہوتی رہی اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کی قدر میں 1 روپے 36 پیسے کمی دیکھنے میں آئی۔

کاروباری ہفتے کے آغاز یعنی 21 فروری کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 175 روپے 75 پیسے تھی جو کاروباری ہفتے کے اختتام یعنی 25 فروری کو 175 روپے 11 پیسے ہوگئی تھی۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل اور خوردنی تیل کی قیمتیں بڑھنا نہ صرف پاکستان میں مہنگائی کے اضافے کا سبب بنے گا بلکہ تجارتی خسارے کا بھی سبب بنے گا اور اسکا اثر ڈالر کی قیمت پر بھی پڑے گا۔
 

Back
Top