جہاں ملک کے عام شہری مہنگے پٹرول کی وجہ سے پریشان ہیں وہیں پر پاکستان بحریہ کے سالانہ نیول چیف گالف ٹورنامنٹ میں186 یارڈ کا ’ہول ان ون شاٹ‘ لگا کر فارچونر گاڑی جیتنےوالے قسمت کے دھنی کیڈی محمد قاسم کو بھی مہنگے پٹرول نے پریشان کر دیا۔
قدرت جب کسی پر مہربان ہونے پر آئی تو چھپر پھاڑ کر دیتی ہے تاہم بعض دفعہ یہی خوش نصیبی انسان کے لیے پریشانی کا باعث بھی بن جاتی ہے ایسا ہی کچھ گالفرز کا سامان اٹھانے والے کیڈی محمد قاسم کے ساتھ ہو رہا ہے جن کی قسمت نے انہیں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی کا مالک بنا دیا۔
گالف کورس میںگالفرز کا سامان ڈھونے والے محمد قاسم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اس کی قسمت ایسے چمکے گی کہ وہ سی این ایس گالف چیمپئن شپ میں ہال اِن ون شاٹ لگانے کا کارنامہ انجام دے کر کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی گاڑی کے حقدار بنیں گے۔ محمد قاسم کی قسمت ایسی چمکی کہ کراچی گالف کلب کے ریڈکورس ہول نمبر تین پر گالف ٹورنامنٹ میں ایک ہی شاٹ لگا کر بال کو 186 یارڈ کے فاصلے پر ہول میں پہنچایا اور کروڑوں کی گاڑی کے حقدار بن گئے۔
محمد قاسم کا تعلق راولپنڈی سے بتایا گیا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ والد فوجی ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں ملازمت کرتے تھے اور زندگی انتہائی پسماندگی میں گزاری کیونکہ والد کی آمدن قلیل تھی جس سے گزارا کرنا بھی مشکل تھا۔ محمد قاسم کو ان کی قسمت نے گاڑی کامالک تو بنا دیا مگر اب ان کے لیے بڑی مشکل یہ ہے کہ پٹرول انتہائی مہنگائی ہے اور انہیں گاڑی بھی چلانی نہیں آتی جس کا حل انہوں نے گاڑی بیچنے کی صورت میں نکالا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 9 سال کے تھے جب تعلیم کے خاندان کے تعلیمی اخراجات برداشت نہ کر پانے کی وجہ سے خود کچھ کرنے کا فیصلہ کیا اور 1992ء میں گالف کلب جانا شروع کردیا جہاں مجھے 8 سے 10 روپے ملتے تھے۔ محمد قاسم نے بتایا کہ پہلے ٹینس کورٹس میں بال بوائے کا کام کرتے رہے پھر بطور کیڈی (گالفرز کا سامان ڈھونے کا کام) شروع کر دیا جس کی ذمہ داریوں میں گالفرز کا سامان ڈھونا، گیند پر نظر رکھنا، سٹک صاف کرنا اور گالف کلب کے ممبرز کو پروٹوکول دینا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ کسی بھی گالفر کے لیے "ہول ان ون شاٹ" لگا کر گیند کو ہول تک پہنچانا انتہائی مشکل تصور کیا جاتا ہے،، گالفرز کے لیے کسی بھی ٹورنامنٹ میں جیت اہم ہوتی ہے تاہم "ہول ان ون شاٹ" اس سے بھی بڑا کارنامہ ہوتا ہے۔ "ہول ان ون شاٹ" کو جیت سے زیادہ اہم کارنامہ اس لیے بھی تصور کیا جاتا ہے کیونکہ ایسا کارنامہ گالف کے ماہر ترین کھلاڑی بھی شاذونادر انجام دے پاتے ہیں۔