کیپ ٹاؤن ٹیسٹ، باؤلرز کے بعد بلے باز بھی ناکام، ٹیم پاکستان فالو آن کا شکار

GghwSGSaUAErlYM

کیپ ٹاؤن میں جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں زبردست کارکردگی دکھائی اور 615 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کیا۔ جنوبی افریقی بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ اٹیک کو بے بس کرتے ہوئے کھیل کے تمام شعبوں میں اپنی برتری قائم رکھی۔ ریان رکلٹن نے 259 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی پہلی ڈبل سنچری بنائی، جبکہ کپتان ٹمبا باووما نے 106 اور کائل ویرین نے 100 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط کی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز​

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی بلے باز ایڈن مرکرم 17 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ویان مُلڈر 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹرسٹن اسٹبز بغیر کوئی رن بنائے آغا سلمان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ٹمبا باووما اور ریان رکلٹن نے چوتھی وکٹ کے لیے 235 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ باووما نے اپنی ذمہ دارانہ اننگز میں 106 رنز بنائے اور ٹیم کو ایک مستحکم پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ریان رکلٹن نے اپنی زندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 259 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو ایک بڑی برتری دلائی۔ کائل ویرین نے بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 رنز بنائے، جبکہ مارکرو جانسن نے 62 اور کیشو مہاراج نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو مزید بڑھایا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور آغا سلمان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد اور میر حمزہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی پہلی اننگز​

جواب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ ٹاپ آرڈر بلے باز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے۔ کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نائب کپتان سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ کامران غلام نے 12 رنز بنائے۔

تیسرے دن کھیل کے آغاز پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز کے ساتھ اننگز دوبارہ شروع کی۔ بابراعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ بابراعظم نے ایک ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان بھی سیٹ ہو چکے تھے مگر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 46 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ دیگر بلے بازوں میں سلمان علی آغا نے 19، عامر جمال نے 15، خرم شہزاد نے 14 اور میر حمزہ نے 13 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ کگیسو رباڈا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہاراج اور کوینا مفاکا نے 2،2 وکٹیں لیں۔ مارکرو جانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کا فالو آن​

پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بنا سکی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ قومی ٹیم کو فالو آن کا خطرہ ٹالنے کے لیے 416 رنز بنانے کی ضرورت تھی، مگر پاکستانی بیٹنگ لائن پروٹیز بولرز کے سامنے لڑکھڑا گئی۔

https://twitter.com/x/status/1875873160857637246
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کر دیا ہے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 421 رنز کا ہدف درکار ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
 

Back
Top