
بھارت کی شوبزانڈسٹری تو اکثر پاکستانی پراجیکٹس سے آئیڈیاز چوری کر لیتی ہے، کبھی گانے کی نقالی سامنے آتی ہے تو کبھی دھن کا چربہ بنا لیا جاتا ہے اور اکثر اپنے ڈراموں میں پورے پورے مناظر کاپی کر لیتے ہیں لیکن اس بار معاملہ تھوڑا مختلف ہے۔
نئی آنے والی پاکستانی فلم ’’رشتے‘‘ کا پوسٹر کم و بیش مقبول ترین بالی ووڈ فلم کبھی خوشی کبھی غم کے پوسٹر جیسا ہے ۔ دلچسپ بات اس پوسٹر پر آنے والا ردعمل ہے جس میں کاپی رائٹ ایکٹ کا شعور رکھنے والے بیشترافراد نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کی محنت کا کریڈٹ اس طرح سے کیسے لیا جاسکتا ہے۔
کئی عقلمندوں نے مشورہ دیا کہ اور کچھ نہیں تو کم ازکم نقالی سے پہلے اداکاروں کے پہنے گئے کپڑوں کا رنگ ہی تبدیل کرلیتے۔
لیکن بیشتر "محب وطن" ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس عمل کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے اتنی "چوریاں" کرتا ہے، اگریہاں سے بھی ایک پوسٹر کاپی کرلیا گیا تو یہ کوئی بڑی بات نہیں۔
صارفین نے اپنے تبصروں میں بھارت کی تازہ ترین چوری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب حدیقہ کیانی کا پورا گانا چرایا جاسکتا ہے اور کریڈٹ بھی نہیں دیا جاتا تو پھریہ بھی ٹھیک ہے۔


کئی ایک نے یہ دکھڑا بھی رویا کہ پاکستانی فلمساز ہم سے توقع رکھتے ہیں کہ ماروِل سیریز کے بجائے ان کی فلمیں دیکھیں۔


یاد رہے کہ اس پاکستانی فلم "رشتے" کا ٹریلر20 اپریل کو ریلیزکیا گیا تھا جس کے ساتھ دی گئی تفصیلات کے مطابق اس کو سال کی سب سے بڑی تفریحی فلم قراردیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ محبت، خاندان، دوستی اور بھائی چارے کی ایک دلچسپ کہانی ہے جو تین نسلوں پرمحیط ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rishtey11.jpg