سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے بیان کے بعد زیرگردش مختلف خبروں پر نعیم حیدر پنجوتھا کی طرف سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق بانی پی ٹی آئی مولانا فضل الرحمن سے ناخوش تھے تاہم تحریک انصاف کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کے کردار کو سراہا ہے۔
نعیم حیدر پنجوتھا اڈیالہ جیل سے واپسی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں درست نہیں ہے، عمران خان ان سے ناخوش نہیں نہ ہی ایسی کوئی بات ہے۔ عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم اس معاملے میں مولانا فضل الرحمن کے کردار کو سراہتے ہیں، وہ مطمئن تھے اور کہا کہ آئین کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہر شخص کو پوری قوم سراہے گی۔
عدالتی اصلاحات سے متعلقہ آئینی ترامیم کے معاملہ پر مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو فوری طور پر ووٹ دینے سے معذرت کرتے ہوئے مزید مشاورت کا مشورہ دیا تھا۔ مولانا فضل الرحمن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں اطراف سے اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمن جمہوریت کی خاطر کھڑے ہیں تو یہ اچھی بات ہے اس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ چلنا ہو گا۔ صحافی نے آئینی ترامیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن کے کردار بارے سوال کیا تو کہا کہ کچھ کہہ نہیں سکتے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم اس لیے لائی جا رہی ہیں کہ اپنے ساتھ 4 امپائر ملائے ہوئے ہیں جن کے لیے حکومت نمبر پورے کر رہی ہیں اور وہ ترمیم لا کر رہیں گے۔ حکومت کے 4 امپائرز میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ شامل ہیں۔