وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ (ای وی ایم) مشینیں فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی فراہمی سے معذرت کر لی گئی ہے، اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جوابی خط بھی ارسال کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط لکھا تھا جس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 3900 مشینیں طلب کی تھیں۔
الیکشن کمیشن کے خط کے جواب میں وزارت سائنس نے ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ جو مشینیں بطور ماڈل دکھائی گئی تھی وہ پرائیویٹ کمپنی کی تیار کردہ تھیں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود مشین تیار نہیں کر سکتی، جبکہ وزارت کی جانب سے تاحال الیکٹرانک مشین کی خریداری نہیں کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینوں کو پیپرا قوانین کے تحت خریدنےکا اختیار صرف الیکشن کمیشن کو حاصل ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ مروجہ قوانین کےمطابق آنے والے انتخابات کے لیے مشینوں کی خریداری کا عمل شروع کرے۔
وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذرائع نے بتایا کہ مشینوں کو پیپرا قوانین کے تحت خریدنا الیکشن کمیشن کا ہی استحقاق ہے، الیکشن کمیشن مروجہ قوانین کے تحت آنے والے انتخابات کے لیے مشینوں کی خریداری کا عمل شروع کرے۔
اس ضمن میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے پروجیکٹ کے لیے پی سی ایس آئی آر میں جگہ فراہم کی جائے گی ، ای وی ایم کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے ساتھ قانونی تعاون کریں گے۔