
شفاف انتخابات کروا کر کشیدگی ختم کی جائے ورنہ ملک کا مستقبل خطرے میں ہے: آئین کہتا ہے 90 دن میں انتخابات ہونگے، سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے چکی اس کے باوجود عملدرآمد نہ کرنا آئین سے انحراف اور توہین عدالت ہو گی: سینئر صحافی
نجی ٹی وی چینل جی این این کے پروگرام فیس ٹو فیس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی وتجزیہ کار عارف حمید بھٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کو جیسے بھی برسراقتدار لایا گیا وہ آگئی لیکن اب وقت کا تقاضا ہے کہ ملک میں جیسے اختلاف رائے ذاتی دشمنی میں تبدیل ہو چکا ہے صاف وشفاف انتخابات کروا دینے چاہئیں اور اس سیاسی کشیدگی کو ختم کرنا ہو گا ورنہ ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ڈیم) جو نیب زدہ تھی 11 سو ارب کے اپنے مقدمات ختم کروا دیا ہے اور وزیر دفاع خواجہ آصف خود کہہ چکے ہیں کہ ملک دیوالیہ ہو گیا ہے۔ میرے خیال میں اس سب کے بعد تمام رنجشیں، دشمنیاں ختم کر کے انتخابات کروا دیئے جائیں اور عوام کو فیصلے کا حق دیا جائے ورنہ ملک کا مستقبل خطرے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ یہ حکومت اب بھی بیساکھیوں کے سہارے کھڑی ہےاور عمران خان پر جو اتنے سارے مقدمات قائم کر دیئے گئے ہیں اس سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن کیوں نہیں لے رہی؟ آئین کہتا ہے 90 دن میں انتخابات ہونگے، سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے چکی اس کے باوجود عملدرآمد نہ کرنا آئین سے انحراف اور توہین عدالت ہو گی۔
سینئر صحافی نے کہا کہ مبینہ طور پر حکومت نے سازش کی تھی کہ عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ میں عمران خان کو گرفتار کروںگا جس دن لاہور میں پنجاب پولیس زمان پارک کو خون سے رنگ کر رہی تھی اس دن بھی رانا ثناء اللہ مریم نوازشریف کے پرسنل اسسٹنٹ کی طرح کہہ رہے تھے کہ آج میں اسے گرفتار کروں گا۔ ہزاروں شہری جب زمان پارک پہنچ گئے تو ان کی سازش ناکام ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھی بہت سے لوگوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی 3 بڑی ایجنسیوں نے رپورٹ دی ہے کہ عمران خان 70 فیصد سیٹیں حاصل کر لے گا۔ مریم نوازشریف جانتی ہیں وہ الیکشن نہیں جیت سکتیں، عمران خان کی انتخابات میں کامیابی کا خوف پی ڈی ایم کو سونے نہیں دے رہا۔ دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کسی لیڈر پر 10 مہینوں میں 94 مقدمات درج کر دیئے گئے ہوں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/arifhamaaha.jpg