
پاکستان کے اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کو خیر آباد کہہ دیا ہے، شعیب اختر نے لالا کے اعلان پر دلچسپ تبصرہ کردیا ہے۔
شاہد خان آفریدی نے یہ اعلان اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کیا اور کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث مزید نہیں کھیل سکوں گا، چاہتا تھا کہ پی ایس ایل کو ایک اچھے موقع پر خیر آباد کہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیغام خصوصاً میرے مداحوں کیلئے ہے کیونکہ میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جتنا انہوں نے میرے کیریئر میں مجھے سپورٹ کیا ہے، میرے مداح مجھے اتنے ہی عزیز ہیں جیسے میرے لیے میری فیملی ہے۔
بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ میری کمر کی 15 سال پرانی انجری اب اس قدر بڑھ چکی ہے کہ میرے جسم کے دوسرے حصوں میں بھی تکلیف ہوتی ہے، میں اس درد کو برداشت کرتے ہوئے کھیلتا رہا ہوں، میں ایک اچھے موقع پر پی ایس ایل کو چھوڑنا چاہ رہا تھا، مگر برداشت کی حد ختم ہوگئی جس کی وجہ سے آج میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
میں اپنے مداحوں کا ایک بار پھر شکریہ ادا کروں گا کیونکہ ان کیلئے ہی میں اپنے کیریئر کا آخری پی ایس ایل کھیلنا چاہ رہا تھا، انشا اللہ میں اپنی صحت کو بہتر کرنے کی کوشش کروں گا ، پی ایس ایل کے بعد 2، 3 ماہ کے آرام کے بعد کشمیر پریمیئر لیگ آرہی ہے اپنے فینز کیلئے اس میں پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔
پاکستان کے لیجنڈفاسٹ باؤلر شعیب اختر نے شاہد آفریدی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ "لالا آرام کرو، اس عمر میں یہ عشق نہیں آساں"۔
https://twitter.com/x/status/1492839665031864322
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5afirdipslshoaib.jpg