
کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے مودی کی تصویر ہٹوانے کا مطالبہ کرنے والے کو 1 لاکھ کا جرمانہ
بھارتی عدالت نے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے نریندر مودی کی تصویر ہٹوانے کیلئے درخواست دینے والے شہری پر ہی الٹا 1 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انوکھا فیصلہ بھارتی ریاست کیرالہ کی ایک عدالت نے سنایا جہاں پیٹر میالی پارمل نامی ایک سماجی کارکن نے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر ہٹوانے کیلئے درخواست دی تھی۔
تاہم کیرالہ ہائی کورٹ کے جسٹس پی وی کنھیکریشنن نے سماعت کے بعد شہری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شہری کی درخواست کو سیاسی مقصد، فضول اور عوامی شہرت کے حصول کا طریقہ قرار دیتے ہوئے 1 لاکھ روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا حکم سنادیا ہے۔
عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ عدالتوں کے پاس سنگین مسائل سے متعلق ہزاروں کیسز التوا کا شکار ہیں ایسے میں اس قسم کی درخواستیں دینا عدالت کا وقت برباد کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے، عدالت نے مدعی کو 6 ہفتوں کے اندر اندر جرمانے کی رقم جمع کروانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imn113113.jpg