کرتارپور راہداری کے بعد پاکستان کا سکھ کمیونٹی کو ایک اور تحفہ

sikh11i1i.jpg


پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور حقوق کا احترام،سکھوں کیلئے ایک اور تحفہ تیار کرلیا گیا ہے،شکار پور میں 200 سال پرانے گوردوارہ صاحب کی بحالی کا90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا،شکارپورسندھ میں واقع سکھوں کے 200 سال پرانے تاریخی گوردوارے پہلی پادشاہی سچکھنڈ صاحب کی آرائش وتزئین اوربحالی کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔

گوردوارہ صاحب کی آرائش وتزئین اوربحالی کے لئے 20 لاکھ روپے متروکہ وقف املاک بورڈ جبکہ 20 لاکھ روپے پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے دیئے ہیں جبکہ دیگرسکھ سنگتوں نے بھی اس کارسیوامیں حصہ لیا،فروری 2022 میں گوردوارہ صاحب کو کھولے جانے کاامکان ہے، سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک دیوجی نے مختلف ممالک کے سفرکے دوران یہاں قیام کیاتھا۔

سردارویکاس سنگھ نے بتایا کہ گورودارہ صاحب کی دومنزلہ عمارت کی بحالی سمیت دیگرتعمیراتی کام مکمل ہوگیا،اب رنگ وروغن کاکام شروع کیاجائیگا،باباگورونانک دیوجی نے زندگی کے ابتدائی برسوں میں مختلف ممالک کاسفرکیا۔ اس دوران انہوں نے یہاں قیام کیا تھا اسی وجہ سے اس گوردوارہ صاحب کو پہلی پادشاہی سچ کھنڈ صاحب کہاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ نے اٹھارویں صدی کے اوائل میں یہ گوردوارہ صاحب تعمیرکروایاتھا،گوردوارہ صاحب کی پرانی اورقدیم عمارت کاجوحصہ موجود تھا،اسے اسی طرح بحال کیاگیا،گوردوارہ صاحب کی تعمیر،کھڑکیاں،دروازوں کے ڈیزائن میں سکھ رسم ورواج کوسامنے رکھا گیا۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردارامیرسنگھ نے ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو میں بتایا کہ فروری 2020 میں گوردوارہ صاحب کوسنگتوں کے لئے کھول دیا جائیگا،افتتاحی تقریب کے لئے شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی ہرپریت سنگھ کودعوت دی گئی ہے۔ وہ فروری میں ساکہ ننکانہ صاحب کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔اس موقع پروہ اس تاریخی گوردوارے کابھی افتتاح کریں گے۔

سردارامیرسنگھ نےمزید کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے کہ بھارتی سکھ یاتریوں کو سندھ میں موجود گوردواروں کے درشن کی بھی اجازت دی جائے،بھارت کے ساتھ مذہبی یاتراکے معاہدے میں بھارتی سکھوں کوصرف پنجاب میں موجود اہم گوردواروں کے درشن کی اجازت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگربھارتی سکھوں کو سندھ میں موجود گوردواروں کی بھی اجازت دی جاتی ہے تواس سے دنیابھرمیں پاکستان کی پذیرائی ہوگی اورکرتارپور کوریڈروکے بعد سکھوں کے لئے یہ دوسرابڑا تحفہ ہوگا،متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری راناشاہد اور ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل بھی گوردوارہ سچ کھنڈ صاحب کا دورہ کرچکے ہیں۔
 

Back
Top