
کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں زمین میں دب کر 2 افراد ہلاک ہو گئے،جن کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کر دی گئی، پولیس حکام کے مطابق دونوں افراد لائن سے تیل چوری کی کوشش کر رہے تھے، مرنے والوں کی لاشیں ان کے 3 ساتھی نجی اسپتال لے کر پہنچے تھے، پولیس نے تینوں ساتھیوں کو نجی اسپتال سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کراچی سے اندرونِ ملک جانے والےآئل لائن پر کلپ لگا رہے تھے کہ زمین دبنے سے اس میں دھنس کر جاں بحق ہو گئے،ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت 36 سالہ زاہد ولد عبدالرزاق اور 33 سالہ عبدالغنی ولد محمد حسن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا گروپ پہلے بھی لائن سے کروڑوں روپے کا تیل چوری کر چکا ہے، تاحال گروپ کا ماسٹر مائنڈ گرفتار نہیں ہو سکا ہے،اس سے قبل شاہ لطیف ٹاؤن، شرافی گوٹھ، بن قاسم، اسٹیل ٹاؤن، درخشاں سے اس گروپ کے 7 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے ایک ایکڑ کی زمین پر گودام بنا رکھا تھا، ملزمان گودام کے اندر سے سرنگ سے سرکاری تیل چوری کر رہے تھے،ملزمان کے زیرِ استعمال 2 گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں، مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/karachiaahsaah.jpg