کراچی : 10 ایرانی باشندے گرفتار، جعلی پاکستانی دستاویزات بنانے کا انکشاف

irann1211.jpg



فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (وفاقی تحقیقاتی ادارے) کی انسداد انسانی اسمگلنگ ونگ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے10 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ جن کی شناخت ایرانی شہریوں کے طور پر ہوئی ہے۔


ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے10 ایرانی باشندوں سے پاکستانی دستاویز جیسے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔


ایف آئی اے کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق ایرانی باشندوں کو شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔


ایف آئی اے نے گرفتار کیے گئے 10 ملزموں کے خلاف 3 مقدمات درج کر لیے ہیں۔


حکام نے بتایا کہ ملزموں نے پاکستانی اور ایرانی ٹریول ایجنٹوں کی مدد سے جعلی سفری دستاویزات تیار کر رکھی ہیں۔ گرفتار ملزمان پاکستان سے قطر فرار ہونے والے تھے تاہم ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنا دیا۔


ایف آئی اے کے مطابق پکڑے گئے ملزموں سے جو پاکستانی شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں ان کا حال ہی میں اجرا ہوا ہے، اس حوالے سے نادار کے اعلیٰ افسران اور دفتری عملے سے انکوائری کی جا رہی ہے۔ نادرا میں چھپی کالی بھیڑوں کا پتہ چلنے پر ان کو بھی مقدمات میں شامل کیا جائے گا اور بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔


دوسری جانب اے ایس ایف حکام نے اسلام آباد سے دوحہ جانیوالے مسافر سے28پاکستانی پاسپورٹ برآمد کرکے ایف آئی اے ایمی گریشن کے حوالے کردیا ہے۔سافر قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 633کے ذریعے دوحہ جانا چاہتا تھا۔


کارروائی کے دوران اے ایس ایف نے مسافرکے سامان کی تلاشی لی تو 28پاسپورٹ برآمد ہوئے، جس کے بعد مسافر کو ایف آئی اے ایمیگریشن کے حوالے کردیا ہے۔
 
Last edited by a moderator: