
کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کی بسوں کی پہلی کھیپ چین سے کراچی پورٹ پہنچ گئی، تکنیکی اعتبار سے یہ بسیں ملک کے دیگر شہروں میں چلنے والی میٹروز کے مقابلے میں زیادہ جدید اور پائیدار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں گرین لائن بس سرجانی سے نمائش تک چلائے جانے کا منصوبہ ہے، یہ بسیں مکمل ائیرکنڈیشنڈ ہیں، 18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں، کھڑے ہوکر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے جبکہ رش کی صورت میں 190 افراد کے سمانے کی گنجائش ہے، بس میں خواتین اور معذور افراد کے لیے نشستیں مخصوص ہوں گی، ہر بس میں دو وہیل چیئرز کی جگہ مخصوص ہے جبکہ خودکار ریمپ بھی نصب ہیں، ان بسوں کا درمیانی حصہ لچکدار میٹریل اور خصوصی سسٹم سے منسلک ہوگا۔
پشاور اور لاہور میں زیر استعمال بسوں میں پیش آنے والے نقائص کو مد نظر رکھتے ہوئے ان بسوں میں خصوصی حفاظتی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی الحاج بس کے جنرل منیجر مارکیٹنگ شکور احمد خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے لئے استعمال ہونے والی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی میٹرو بسوں کے مقابلے میں زیادہ جدید اور پائیدار ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ سال سعودی عرب نے بھی بڑی تعداد میں اس طرح کی بسیں حج آپریشن کے لیے درآمد کی تھیں جبکہ یورپی ملکوں اور مشرق وسطیٰ کو بھی اسی طرز کی بسیں ایکسپورٹ کی جارہی ہیں۔
جنرل منیجر مارکیٹنگ الحاج بس کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے درآمد کردہ بسیں یورو تھری معیار کی ہیں، یہ بسیں ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی۔
شکور احمد خان کے مطابق بسوں میں خودکار طریقے سے آگ بجھانے کا خصوصی سسٹم بھی نصب ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/JjPFz2c/9.jpg