کراچی کنگز کی مسلسل5ویں شکست پر فرنچائز اونر سلمان اقبال بول پڑے

4karachislamniqball.jpg

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 7) میں شکستوں کا ملبہ کورونا وبا اور کھلاڑیوں کی انجریز پر ڈال دیا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کراچی کنگز کے اونر نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کراچی! ہم نے بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کی لیکن ہم ناکام رہے، دوسری ٹیموں نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی شکست کی وجہ کرونا کیسز اور کھلاڑیوں کا زخمی ہونا تھا، ہم اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے! انشااللہ کم بیک کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 7 میں کراچی کنگز واحد ٹیم ہے جو اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے، کنگز نے ایونٹ میں 5 میچز کھیل رکھے ہیں۔

https://twitter.com/x/status/1490385674373054475
یاد رہے کہ سائیڈ اسٹرین اور کندھے میں چوٹ کے باعث ٹیم محمد عامر اور محمد الیاس کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے جبکہ جوکلارک بھی انجرڈ ہوکر پی ایس ایل7 سے باہر ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بھی اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42 رنز سے شکست دی ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں یونائیٹڈ کے 178 رنز کے تعاقب میں کراچی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں‌ پر 135 رنز ہی بنا سکی۔

مڈل آرڈر بلے باز محمد نبی 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان بابراعظم صرف 8 رنز ہی بنا سکے، صاحبزادہ فرحان نے 25 اور عمید آصف نے 10 رنز کا اضافہ کیا۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا تھا کہ کوشش کریں گے مثبت کھیلیں اور اچھا ٹوٹل دیں جب کہ کنگز کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ اچھی کرکٹ کھیل کر شائقین کو محظوظ کریں گے۔ کراچی کنگز کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں فاسٹ بولر کرس جارڈن کنگز کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں جب کہ عمران جونیئر اور عامریامین کی جگہ کرس جارڈن اور عثمان شنواری کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔