
الخدمت فاؤنڈیشن کے جدید آر او واٹر پلانٹ میں چوری کی واردات ہوئی جس میں چور پلانٹ کی مشینری لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری، بہار کالونی میں فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کے جدید آر او واٹر پلانٹ میں چوری کی واردات ہوئی جس میں چور جدید آر او واٹر پلانٹ کی مشینری لے اڑے، چوروں نے رات کی تاریکی میں الخدمت فائونڈیشن کے دفتر کے تالے کاٹے اور مشینری چوری کر کے لے گئے۔
فلاحی ادارے الخدمت فائونڈیشن کے عملے کے مطابق چور جدید آر او واٹر پلانٹ کی مشینری کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے رکھا گیا سامان بھی لے گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ فلاحی ادارے میں اس طرح کی واردات ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ سندھ پولیس کی کارکردگی بہت بری ہے، لیاری کے علاقے بہار کالونی میں عام شہریوں کے لیے لگائے گئے جدید آر او واٹر پلانٹ کی مشینری کا چوری ہونا پولیس کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1578696375612891138
پولیس حکام کے مطابق چوری کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا ہے چوروں کی گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ واردات کسی نشے کے عادی شخص نے کی ہے جو پانی کی موٹر اور فلاحی ادارے کے آفس میں موجود متعدد اشیاء اٹھا کر لے گیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1578707768231743489
یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے بڑی غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے جس کے زیر انتظام پاکستان کے متعدد علاقوں میں فلاحی ادارے چلائے جاتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا قیام 1990ء میں عمل میں آیا جو اب تعلیم، صحت ، کفالت یتامٰی، صاف پانی ، مواخات (بلا سود قرضوں کی فراہمی) ، سماجی خدمات اور آفات سے بچاؤ کے شعبوں میں کام کر رہی ہے جس میں سب سے نمایاں قدرتی آفات میں رضاکارانہ سرگرمیاں ہیں۔