کراچی میں زہریلی گیس سے 18 بچوں کی اموات کا انکشاف

karhi11h1h13.jpg

کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں گزشتہ چند روز میں زہریلی گیس سے متاثرہ 18 بچوں کی اموات کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کے بعد چار کمپنیوں کو سیل کرکے ایک مالک اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کیماڑی کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر جا کر تحقیقات کی، ٹیم نے زیریلی گیس سے اموات کی تصدیق کردی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ پلاسٹک بنانے والی 4 فیکٹریاں سیل کردی گئی ہیں جبکہ ایک مالک سمیت 4 مزدوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق انتقال کرنے والے بچے سینے میں تکلیف، بخار اور گلے میں تکلیف کا شکار رہے۔ اس معاملے سے متعلق علاقہ مکینوں نے پولیس کو متعدد بار شکایت کی گئی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ایس ایس پی ضلع کیماڑی کو مقدمہ درج کرنے کےلیے درخواست دے دی گئی ہے۔ انتظامیہ ضلع کیماڑی کے مطابق رہائشی علاقوں میں فیکٹریاں بنانے پر مکمل پابندی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع کیماڑی کے علاقے میں مبینہ زہریلی گیس سے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی، ڈی جی ہیلتھ اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے واقعہ کی الگ الگ رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ محنت، محکمہ صنعت اور ضلعی انتظامیہ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ یہ کون سی فیکٹریز ہیں جن سے اس قسم کی گیس کا اخراج ہو رہا ہے جو انسانی زندگی کیلئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ ان فیکٹریز کا کبھی معائنہ کیا گیا ہے؟ وزیراعلیٰ نے واقعے کے بعد کی کارروائی سے متعلق تفصیلات بھی طلب کیں اور لیبر ڈپارٹمنٹ کو فیکٹریز سے خارج ہونے والی گیس کے نمونے لیب ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی۔