کراچی: ملزمان نے بالی وڈ فلم سے متاثر ہوکر اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کی؟

atmi1i12u1.jpg


ہالی ووڈ ایکشن موویز سے متاثر ہوکر کراچی میں پوری اے ٹی ایم مشین چوری کرنے کا منصوبہ

کراچی میں ہالی ووڈ ایکشن موویز کی طرز پر ایک واردات ہوئی جس میں ملزمان نے پوری کی پوری اے ٹی ایم مشین کو ہی اکھاڑ کر چرانے کا منصوبہ بنایا مگر واردات کامیاب نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب واقع ایک بینک کی برانچ میں نصب اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑنے کی واردات ہوئی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث ملزمان اپنی واردات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں ناکام رہے اور اے ٹی ایم مشین چھوڑ کرفرار ہوگئے۔

بینک میں لگے کیمروں میں ریکارڈ ہونےو الے مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے ملزمان پوری تیاری کے ساتھ یہ واردات سرانجام دینے کیلئے پہنچے، ملزمان ایک چوری کے شہ زور ٹرک پر آئے جس پر موٹر سائیکل موجود تھی، ملزمان نے سب سے پہلے اے ٹی ایم بوتھ میں لگے کیمرے کو ناکارہ بنایا اور اس کے بعد اے ٹی ایم مشین کو لوہے کی راڈ کی مدد سے ٹرک سے باندھ دیا۔

کسی ہالی ووڈ ایکشن فلم کی عکس بندی جیسے یہ مناظر حقیقت کی ایک ڈکیتی کی کوشش ہے جس میں ملزمان نے اے ٹی ایم کو ٹرک سے باندھ کر ٹرک چلادیا جس سے اے ٹی ایم مشین اپنی جگہ سے اکھڑ گئی اور بوتھ سے باہر آگئی۔

تاہم ملزمان کی بری قسمت کے ایک ذمہ دار شہری نے فوری طور پر 15 پر کال کرکے پولیس کو واردات کی اطلاع دی اور پولیس بھی وقت ضائع کیے بغیر 2 منٹ میں موقع واردات پر پہنچ گئی۔

اے ٹی ایم مشین کو بوتھ سے باہر لانے کے بعد ملزمان ابھی اسے شہ زور ٹرک میں لوڈ کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ملزمان جو اپنے ساتھ ٹرک پر موٹر سائیکل لاد کر لائے تھے مشین چھوڑ کر موٹر سائیکل پر سوار ہوئے اور موقع واردات سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جس ٹرک پر وہ اے ٹی ایم لوڈ کرنے کی کوشش کررہے تھے وہ ٹرک بھی چوری کا نکلا۔

بینک حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کے روز اے ٹی ایم مشین میں 55 لاکھ روپے کا کیش ڈالا گیا تھا، تقریبا 15 لاکھ روپے نکالے جانے کےبعد بھی اے ٹی ایم میں 40 لاکھ کے قریب رقم موجود تھی، پولیس کے مطابق ملزمان واردات میں جو ٹرک استعمال کیا وہ چوری کا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کا چہرہ واضح ہورہا ہے جس کی شناخت کیلئے نادرا سے مدد لی جائے گی۔
 

Back
Top