کراچی،ڈاکوؤں نےبیٹی کےعلاج کیلئے بیوی کےزیور بیچنے والے نوجوان کو قتل کردیا

13karachiamennojawanqatal.png

ملک بھر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے شہریوں میں خوف وہراس بڑھتا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے احسن آباد کے قریب ایک نوجوان کو ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کر دیا گیا، نوجوان مجبوری کی حالت میں بیوی کے زیورات بیچنے کے بعد واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ ڈکیتوں نے رقم چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان خان نامی نوجوان مالی مشکلات کا شکار تھا جسے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، احسن آباد کی ایک ویران سڑک پر گزشتہ شام قتل کیے جانے والے فرحان خان کے گھر پر صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ مقتول فرحان خان ایک میڈیکل کمپنی میں ملازمت کر رہا تھا اور اس کی ایک کم عمر بیٹی بھی تھی جس کے بیمار ہونے پر علاج کیلئے بیوی کے زیور بیچنے پر مجبور ہو گیا۔

مقتول فرحان خان پچھلے کچھ عرصے سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہا تھا، بیٹی بیمار ہوئی تو بیوی کا زیور بیچنے پر مجبور ہو گیا، ورثاء کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیمار بیٹی کا علاج کروانے کیلئے زیورات بیچ کر رقم لے کر واپس آ رہا تھا کہ ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر قتل کر دیا۔ مقتول فرحان کے ورثاء نے حکام بالا سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے واقعے کے بعد نہ تو اب تک تحقیقات شروع کی ہیں نہ ہی ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔

مقتول فرحان کے اہل خانہ کے مطابق بیوی کے زیور بیچ کر اسے 70 سے ہزار ہزار روپے ملے تھے اور وقوعے کے وقت اپنی بیوی سے فون پر بات کر رہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ آکر بیٹی کیلئے دوائی لائوں گا۔ مقتول کی اہلیہ کے مطابق فرحان کو جب ڈاکوئوں نے گولی ماری تو اس وقت بھی وہ مجھ سے بات کر رہا تھا، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے مقتول کا موبائل مل گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت فرحان خان ولد الطاف خان کے نام سے ہوئی ہے جو کم عمر بچی کا باپ اور سرجانی ٹائون کا رہائشی تھا، پولیس ملزمان کو گرفتاری کرنے کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس کے دوران اب تک شہر قائد میں ڈکیتی کے متعدد واقعات میں مزاحمت کرنے والے 104 شہریوں کو قتل کرنے کے ساتھ متعدد شہریوں کو زخمی کیا جا چکا ہے۔
 

Back
Top