پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے ملکی تاریخ کبھی اچھی نہیں رہی، ملک میں کبھی شفاف انتخابات بھی نہیں ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی اور کہا کہ ملک میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، انتخابات عدلیہ کے ذریعے کروائے جائیں یا ایگزیکٹیو کے ذریعے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، بس انتخابات شفاف ہونے چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب انتخابات سے کوئی بھی بہانہ بنا کر بھاگنا ممکن نہیں ہوگا، الیکشن میں عوام جس کو جتنا مینڈیٹ دے اسے اتنا حصہ ملنا چاہیے، انتخابات کے حوالے سے ملکی تاریخ اچھی نہیں ہے، ملک میں کبھی بھی صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔
نوید قمر نے کہا کہ نواز شریف کو دی گئی سزا بھی زیادتی کے زمرے میں آتی ہے ، ایسا لگتا تھا کہ یہ سزا ایک پلان کے تحت دی گئی، تاہم اب اس سزا کو ریورس کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں حکومت نے نواز شریف کی سزا معطل کی، ایئرپورٹ پر حاضری لگوائی جارہی ہے، ایسا تو کسی ملک میں نہیں ہوتا، اس وقت یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ ن لیگ فیورٹ ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/navedd-aqa.jpg