
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی سے تنگ اووسیز پاکستانیوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے، ایک اور اوورسیز پاکستانی سوسائٹی انتظامیہ پر برس پڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم ایک پاکستانی نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں وہ اسلام آباد کی مشہور پارک ویو سوسائٹی کی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے اور سوسائٹی کے مالک آئی پی پی کے صدر علیم خان سے اپنے مسئلے کے حل کا مطالبہ کرتے دکھائی دےرہے ہیں۔
اوورسیز پاکستانی نے موقف اپنایا کہ انہوں نے پارک ویو سوسائٹی کے اوورسیز بلاک میں سرمایہ کاری کی تھی، جب ملک میں ڈالرز کی ضرورت ہوتی تھی یا کسی بھی قسم کی ڈیڈ لائنز قریب ہوتی تھیں تو سوسائٹی سے10، 10 لوگ فون کالز اور میسجز کرکے جتنا دباؤ اور بلیک میلنگ کرسکتے تھے کرتے تھے کہ پیسے جمع کروائیں وگرنہ آپ کا پلاٹ کینسل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جیسے تیسےرقم جمع کرکے ادائیگی کردیتے تھے، دو سال قبل میں نے تمام ادائیگیاں مکمل کردیں جس کے بعد اب پتا چلا کہ سوسائٹی پلاٹ مالکان کو قبضے دے رہی ہے، ہم نے بھی اپنے پلاٹ کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے سوسائٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو ہمیں بتایا گیا کہ ہمارے ذمہ ڈیڑھ کروڑ روپے کی ادائیگیاں باقی ہیں۔
اوورسیز پاکستانی نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ یہ رقم پلاٹ کی قیمت نہیں ہے بلکہ سوسائٹی کی جانب سے بغیر کسی نوٹس یا اطلاع کے عائد کردہ ماہانہ فیس ہے جو ہمارے رابطہ کرنے پر بتایا جارہا ہے کہ جنوری 2022 سے لاگو کی گئی ہے۔
انہوں نےکہا کہ اب یہ رقم تقریباڈیڑھ کروڑ بنتی ہے اور جب تک میں پاکستان پہنچوں گا یہ اسی حساب سے 2 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی، ہم اووسیز پاکستانی سونے کے پہاڑوں پر نہیں بیٹھےنا ہی ہم درختوں سے پیسے توڑتے ہیں جو ہم اتنی بڑی بڑی رقوم جمع کرواتے چلے جائیں، میں نے پلاٹ کی تمام ادائیگیاں کردی ہیں لہذا میرا پلاٹ میرے نام منتقل کرکے مجھے قبضہ دیا جائے۔
اوورسیز پاکستانی نے سوسائٹی کے مالک علیم خان سے اپیل کی کہ ان کے اس مسئلےکے حل میں مدد کی جائے، انہوں نے عوام کو بھی خبردار کیا کہ بڑی بڑی سوسائٹیوں کے اشتہارات اور مارکیٹنگ پر کان دھرنے کےبجائے دیکھ بھال کر سرمایہ کاری کریں۔
https://twitter.com/x/status/1674395205016092673
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی سے تنگ ہوکر کسی نے اپنی آواز بلند کی ہو، اس سے قبل بھی اووسیز پاکستانیوں کی جانب سے سوسائٹی انتظامیہ کی چالاکیوں اور پیسے اینٹھنے کے حربوں کے متعدد واقعات سامنے آچکےہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/aleem-khan-houseing-city.jpg