
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 4 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافے کے فوری بعد اب آئی ایم ایف نے ڈیزل 50 روپے فی لیٹر بڑھانے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے پریس کانفرنس کے دوران نئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے نئی حکومت کو 50 روپے تک ڈیزل میں اضافے کا کہا گیا ہے جبکہ اگر 50 کی بجائے اگر اس کا آدھا بھی بڑھا دیں تو مہنگائی آسمان کو چھونے لگے گی، اس کے بٰعد پیٹرول کی قیمتوں میں بھی 20 سے 25 روپے فی لیٹر اضافے کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رات اطلاع ملی آئی کہ ایم ایف پروگرام ختم کرکے نیا پروگرام ترتیب دیا جاسکتا ہے، ہمارے مشیر خزانہ سے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے ملاقات بھی نہیں کی ہے، یہ لوگ کہتےتھے کہ ہم آئی ایم ایف کےایجنٹ ہیں لیکن وزیر خزانہ اسی گورنر اسٹیک بینک کے اسسٹنٹ بنے بیٹھے ہوئے ہیں، حکومت نے پہلے 4 روپے بجلی بڑھا دی اور اب لوڈشیڈنگ بھی بڑھے گی، جبکہ آنے والے بجٹ میں مزید ٹیکسز لگانے کی شرط بھی عائد کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کے جہازوں کا آرڈر دے دیا ہے ڈیزل پر بجلی بنا رہے ہیں، آج وزیراعظم شہباز شریف نے ہمارے منصوبے کا افتتاح کیا، کبھی وزیرخزانہ نہیں کہتے کہ شیئرز خرید لیں اسٹاک میں تیزی آرہی ہے، مسائل کا حل یہی ہے کہ نئے الیکشن کرائے جائیں۔