ڈونلڈ ٹرمپ پر لاکھوں روپے کے تحائف چھپانے کاالزام

donaldahaai.jpg


پاکستان کی طرح امریکا میں بھی توشہ خانہ سے تحائف لینے اور چھپانے کے چرچے، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت میں ڈھائی لاکھ ڈالر کے تحائف چھپائے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دور صدارت میں دوسرے ممالک کی جانب سے ملنے والے تحائف کو ریکارڈ کا حصہ ہی نہیں بنایا، اس معاملے کی ایک رپورٹ ڈیموکریٹس نے ایوان کی احتساب کمیٹی میں جمع کروا دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ٹرمپ کے دورِ صدارت میں وائٹ ہاؤس نے ڈھائی لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کے 100 سے زیادہ تحائف کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا،یہ تحائف ڈونلڈ ٹرمپ، ان کی بیوی میلانیا، ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا اور ٹرمپ کے داماد کشنر کو دیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی حکام کو ایل سلواڈور کے صدر کی طرف سے دی گئی ٹرمپ کی لائف سائز پینٹنگ اور جاپانی وزیر اعظم کی جانب سے دیا گیا گالف کلب بھی نہیں ملا، غیر رپورٹ شدہ اشیا میں سعودی عرب کی طرف سے 45,000 ڈالر سے زائد مالیت کے 16 تحائف شامل ہیں۔

ایک خنجر بھی تحفے کا حصہ ہے،جس کی مالیت 24,000 ڈالر تک ہے، اور بھارت کے 17 تحائف جن میں مہنگے کف لنکس، ایک گُل دان اور تاج محل کا 4600 ڈالر کا ماڈل بھی شامل ہے۔