
چینی وزیراعظم لی کی کیانگ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا مالی استحکام برقرار رکھنے کیلے تعاون کریں گے۔ شہبازشریف کا چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں گرمجوشی اور دوستی کے ماحول میں گفتگو ہوئی جو پاک چین تعلقات کی پہچان ہے۔
وزیراعظم نے چین کی حکومت اور عوام سے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں تین چینی سکالرز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ وزیراعظم نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقتصادی منصوبوں اور اداروں پر پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے چینی ہم منصب کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔
https://twitter.com/x/status/1526167974733787136
چین کے وزیراعظم لی نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ پاک چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ تغیر پذیر علاقائی اور عالمی ماحول کے تناظر میں امن و استحکام کے وسیع تر مفادات کیلئے جاری رہنا چاہئے۔
چینی وزیر اعظم نے کہا چین پاکستان کے ساتھ اپنے ترجیحی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہمیشہ کی طرح قومی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع میں پاکستان کی مضبوط حمایت جاری رکھے گا اور اس کی معیشت کی ترقی، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے اور مالی استحکام برقرار رکھنے کیلئے پاکستان سے تعاون کریگا۔
وزیراعظم لی کی کیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط مضبوط بنانے، سی پیک جیسے بڑے منصوبوں پر تعاون کو فروغ دینے اور وبا کی مؤثر روک تھام کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ امید ہے پاکستان کراچی میں چینی شہریوں پر دہشتگرد حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/9chinapaksitanmaalmadad.jpg