
چائنہ کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے تائیوان کے قریب بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کا انعقاد کرنے کے کچھ ہی دنوں بعد عسکری قیادت کو جنگ کیلئے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ چائنہ کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا سینٹرل ٹیلیویژن (سی سی ٹی وی) کے مطابق شی جن پنگ نے اپنی عسکری قیادت کو جنگی تیاریوں میں تیزی لانے کی ہدایت پیپلزلبریشن آرمی راکٹ فورس کی بریگیڈ کا دورہ کرتے ہوئے دی ہے۔
سی سی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چائنہ کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ہماری فوج کے پاس مضبوط و جدید جنگی صلاحیتیں ہونے کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی تربیت اور جنگ کی تیاری کے لیے جامع حکمت عملی ہونی چاہیے۔ عسکری قیادت جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنے فوجیوں کے تزویراتی دفاع کی صلاحیت کو بڑھائے۔
واضح رہے کہ چین کی طرف سے تائیوان کو اپنے ملک کا حصہ قرار دینے کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے اور پچھلے کچھ سالوں کے دوران اس خودمختار جزیرے کے قریب اپنی فوجی قوت میں اضافہ کر رہا ہے۔ چند دن پہلے بیجنگ کی طرف سے تائیوان کا گھیرائو کرنے کے لیے ڈرونز، جنگی جہازوں، کوسٹ گارڈکے جہازوں اور لڑاکا طیاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
سی سی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چائنہ کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے عسکری قیادت کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی مفادات کا تحفظ اور ملکی سلامتی کا مضبوطی سے دفاع کیا جائے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی کمیونسٹ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ وہ تائیوان کو بیجنگ کے کنٹرول میں لانے کے لیے فوجی طاقت استعمال کرنے سے گریز نہیں کریگا۔
یاد رہے کہ چائنہ اور تائیوان کے درمیان تنازع 1949ء میں ہونے والی خانہ جنگی کے دوران شروع ہوا جس میں چائنہ کے سابق صدر مائوزے تنگ کے کمیونسٹ سپاہیوں کی طرف سے جیانگ کائی شیک کی قوم پرست قوتوں کو شکست دے کر انہیں اس جزیرے سے بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13xijinoinngfhhs.png