
کراچی پولیس نے ایئر پورٹ سے راستہ بھٹک کر کٹی پہاڑی پہنچنے والے چینی شہری کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہوٹل منتقل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز چین سے بزنس ٹور پر کراچی پہنچنے والا چینی شہری ماؤ فینکن ایئرپورٹ سے نکل کر ہوٹل پہنچنے کے بجائے راستہ بھٹک کر کٹی پہاڑی پہنچ گیا۔
نارتھ ناظم آباد پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کے ایک چینی شہری اپنے سفری سامان کے ہمراہ کٹی پہاڑی کے علاقے میں گھومتا دیکھا گیا ہے جس پر پولیس نے فوری طور پر ایک ٹیم کو مذکورہ مقام پر روانہ کیا،۔
ایس ایچ او شاہراہ نور جہاں پولیس اسٹیشن نے پولیس پارٹی کو ہدایات کی کہ چینی شہری کو تلاش کیا جائے، پولیس بھٹکے ہوئے چینی شہری کو تلاش کرکے تھانے لے آئی جہاں اس سے پوچھا گیا کہ وہ اس علاقے میں خود پہنچا یا کوئی غلط فہمی ہوگئی ہے۔
ماؤ فینکن نے پولیس کو بتایا کہ وہ غلط فہمی سے اس علاقے میں پہنچ گیا تھا اس نے ایئرپورٹ سے اپنے ہوٹل جانا تھا مگر زبان اور علاقوں سے مکمل جان کاری نہ ہونے کی وجہ سے وہ غلط جگہ پہنچ گیا۔
پولیس نے چینی شہری سے اس کے ہوٹل سے متعلق معلومات حاصل کرکے انہیں ہوٹل بھجوانے کے انتظامات کیے جس کے بعد چینی شہری بحفاظت اپنے ہوٹل پہنچ گیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6cheenikatipahari.jpg