
پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے میں جاری ڈیڈ لاک ختم نہیں ہو سکا، اور بھارت نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ نئے ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر بھی اپنے اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس معاملے کے حل کے لیے دوسرا اجلاس 5 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کو چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا قانونی طور پر اعلان 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، لیکن پاک-بھارت تنازع آئی سی سی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
29 نومبر کو ہونے والے ہنگامی اجلاس میں بھی چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔ 5 دسمبر کو ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں دونوں فریقین اپنے اپنے موقف پیش کریں گے، جس کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کی توقع ہے۔
اس صورت حال کی وجہ سے براڈکاسٹرز بھی آئی سی سی کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اصولی موقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں، اور یہ پاکستان کو طویل عرصے بعد ایسے ایونٹ کی میزبانی کا موقع فراہم کرتا ہے۔
تاہم، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں اپنے میچز "نیوٹرل وینیو" پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کر چکا ہے، جبکہ پی سی بی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری ہے اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر اصرار کر رہا ہے۔ یہ تنازع اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا آئی سی سی کے 5 دسمبر کے اجلاس میں کوئی مثبت پیش رفت ہوتی ہے یا نہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.postimg.cc/7Zy3VJ6B/bcci.jpg