چیف الیکشن کمشنر نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے ملتان انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات پر نوٹس لے لیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق الزامات عائد کیے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لے لیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس حوالے سے الیکشن کمشنر پنجاب سے اس حوالے سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملتان سمیت پنجاب کے 20 اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق الزامات کی تحقیقات کی جائیں اورالزامات ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لاکر چیف الیکشن کمشنر کو رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نےلاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے 20 اضلاع میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ خبریں ہیں ان 20 میں سے 18 سیٹیں ن لیگ اور 2 پی ٹی آئی کو ملیں گی۔
شاہ محمود قریشی نے اپنی پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ لوگوں کا الیکشن کمیشن پر سے اعتماد کم ہوتا جارہا ہے، اگر الیکشن کمیشن نے اپنی ساکھ کھو دی تو عام انتخابات دفن کردیں گے۔