چوہدری برادران کے گھر پر حملہ، حکومت غیر مشروط معافی مانگے، چوہدری سرور

ch-saraahhsaih.jpg

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چوہدری برادران کے گھر پر پولیس کے حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے معافی کا مطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں بدلنا قابل مذمت ہے، رات چوہدری برادران کے گھر پر جو کچھ ہوا وہ افسوسناک تھا، حکومت چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع سے غیر مشروط معافی مانگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں فخر ہے ہماری قیادت چوہدری شجاعت حسین جیسے ایماندار لوگ کررہے ہیں،میں ہمیشہ سے چوہدری شجاعت حسین کی رواداری کا معترف رہا ہوں، مجھےخوشی ہے کہ میں چوہدری شجاعت حسین، چوہدری سالک اور طارق بشیر چیمہ کے ساتھ سفر میں ساتھ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور میں چاہتے ہیں کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کیا جائے، ہم اس حق میں ہیں کہ سیاستدان مذاکرات کرکے الیکشن کی تاریخ طے کریں۔

سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے تین بڑے مسئلے ہیں جن میں سیاسی بے یقینی سر فہرست ہے، دوسرا مسئلہ سوشل میڈیا پر موجود بے حیائی ہے جبکہ تیسرا بڑا مسئلہ معیشت کا ہے، ایک مسئلہ عدل و انصاف کا ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے9 سال خیبر پختونخوا اور 4 سال مرکز میں حکومت رہنےکے بعد قانون سب کیلئے برابر کس نے کرنا تھا؟
 

Back
Top