
تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ طور پر دھرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے جس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے خود ہی اسلام آباد کو بند کرنے کا پلان بنا لیا ہے، وفاقی پولیس نے 1100 سے زائد کنٹینر اکٹھے کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خبر رساں ادارے دعوے کر رہے ہیں کہ اگر عمران خان نے دھرنے کا اعلان کیا تو حکومت اسلام آباد کو ایک ہفتے تک مکمل سیل کر دے گی۔ اس دوران نہ صرف اسکول کالجز یونیورسٹیز میں چھٹیاں ہوں گی بلکہ امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا جائے گا۔
دھرنے سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد پولیس کو 25 ہزار کی اضافی نفری بھی ملے گی۔ 50 ہزار کے قریب ربڑ کی گولیاں، 60 ہزار سے زائد آنسو گیس کے شیل بھی سیکیورٹی فورسز کے پاس ہوں گے۔ اس کے علاوہ 10 ایسے جدید ڈرونز ہوں گے جس سے مظاہرین پر اوپر سے شیل پھینکے جا سکیں گے۔
وفاقی حکومت اس حد تک دھرنا روکنےکیلئے تیار ہے کہ اس بار وہ دھرنا روکنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کریں گے۔ سکیورٹی اداروں نے پی ٹی آئی کے فنانسرز کی گرفتاریوں کے لیے لسٹیں تیار کر لی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت یہاں تک منصوبہ بنا چکی ہےکہ اگر عمران خان نے دھرنے کا اعلان کیا تو بنی گالہ کو سب جیل قرار دے کر انہیں ہاؤس اریسٹ کر لیا جائے گا۔