پی سی بی کے چیئرمین نے امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی

PCB.jpg

واشنگٹن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے امریکا کے دورے کے دوران یو ایس اے کرکٹ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، محسن نقوی نے یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جوناتھن اٹکیسن سے ملاقات کی، جہاں دونوں بورڈز نے پاکستان اور امریکا کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں چیئرمین پی سی بی نے امریکی کرکٹ بورڈ کو ہر ممکن معاونت کا وعدہ کیا اور کہا کہ پی سی بی امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے امریکی کوچز کو پاکستان میں تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔

محسن نقوی نے جوناتھن اٹکیسن کو چیمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جس کے لیے دونوں ممالک کے حکام کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل، محسن نقوی نے امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس سے ملاقات کی تھی اور خصوصی عشائیہ میں شرکت کی تھی۔ ان ملاقاتوں میں سینیٹر ٹومی ٹیوبر ویل، رکن کانگریس کین کلورٹ اور سابق برطانوی وزیر اعظم لز ٹروس شامل تھے۔

یہ ملاقاتیں پاکستان اور امریکا کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اہم قدم ہیں۔
 

Back
Top