پی سی بی کا پاکستان ویمن سپر لیگ سے متعلق بڑا فیصلہ

wom1n1h112.jpg


پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن سپر لیگ کو پی ایس ایل کے سائیڈ ایونٹ کے بجائے باقاعدہ ایک علیحدہ ٹورنامنٹ کے طور پر منعقد کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ویمن کرکٹ لیگ سمیت دیگر امور زیر غور آئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویمن کرکٹ لیگ کو پاکستان سپر لیگ کے سائیڈ ایونٹ کے بجائےباقاعدہ طور پر ایک علیحدہ ایونٹ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے پہلی ویمن کرکٹ لیگ رواں سال منعقد کروانے کی منظوری دیتے ہوئے اس کیلئے ستمبر کی ونڈو مختص کردی ہے۔


لیگ میں پانچ فرنچائز ٹیمیں ہوں گی، فرنچائز کے حقوق لینے کیلئے الگ سےبڈنگ منعقد کی جائے گی، پی سی بی کو ویمن کرکٹ لیگ کے متعارف کروانے کے پہلے ہی رو ز سے دنیا بھر کی خواتین کرکٹرز سے دلچسپی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کے دور میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ویمن کرکٹ لیگ کو پی ایس ایل کے سائیڈ ایونٹ کے طور پر منعقد کروایا جائے گا، اس کیلئے ملالہ فاؤنڈیشن سمیت اقوام متحدہ کی خواتین کے حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھی آن بورڈ لینے پر غور کیا جارہا ہے، اس ایونٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرنا بھی ایک مقصد ہے۔